حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسماعیلیہ لوکل کونسل سکردو کے ایک اعلیٰ وفد نے اپنے 50ویں روحانی پیشوا، پرنس سید شاہ رحیم الحسینی کی گلگت بلتستان آمد کے سلسلے میں امام جمعہ والجماعت مرکزی جامع مسجد سکردو اور امام جمعہ اسکردو حجت الاسلام والمسلمین علامہ شیخ محمد حسن جعفری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

اس موقع پر وفد نے علامہ شیخ محمد حسن جعفری کی بین المسالک اتحاد، مذہبی رواداری، باہمی احترام اور علاقائی امن و استحکام کے لیے گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں خطے کے لیے ایک عظیم نعمت قرار دیا۔
اس موقع پر علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے وفد کو خوش آمدید کہا اور اسماعیلی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسماعیلیہ برادری نے ہمیشہ بھائی چارے، باہمی احترام اور امن و آشتی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور سماجی استحکام میں اسماعیلی برادری کی خدمات قابلِ قدر اور لائقِ تحسین ہیں۔ داعی وحدت نے پرنس سید شاہ رحیم الحسینی کی گلگت بلتستان آمد پر اسماعیلی برادری کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وفد میں ناصر علی (سیکریٹری، لوکل کونسل سکردو)، باقر بھائی (چیئرمین، اکنامک پلاننگ بورڈ)، نعیم خان کماریہ (چیئرمین، آربیٹریشن کمیٹی)، غلام عباس، عبد القیوم، فدا، عزیز بھائی، جمیل، اقبال (سابق مکھی، سینٹرل جماعت خانہ)، اکرام علی (سابق کماریہ) اور سلمان کریم (جے ڈی، اسماعیلی والنٹیئرز سکردو، گمبا خپلو) شامل تھے۔
ملاقات خوشگوار اور برادرانہ ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ اسماعیلیہ اور اہل تشیع کے رہنماؤں نے باہمی تعاون، مذہبی ہم آہنگی، امن و استحکام اور بھائی چارے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔










آپ کا تبصرہ